حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سیوان/ حوزہ علمیہ آیت اللہ خامنہ ای، بھیک پور، سیوان، بہار، ہندوستان کے اہلِ قلم کی علمی و ادبی کاوشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے کی تیسری پیشکش کے طور پر کتاب ’’عندلیبان علم و ادب، سلسلہ (۳)‘‘ شائع کی گئی، جس کی تقریبِ رونمائی ماہِ جمادی الثانی میں منعقد ہوئی۔ اس کتاب کی ترتیب و تدوین علاقے کی بزرگ علمی و ادبی شخصیت جناب سید آل ابراہیم رضوی نے انجام دی ہے۔ یہ کاوش بھیک پور اور اس کے اطراف کی علمی، دینی، ادبی اور سماجی شخصیات کے حالات و خدمات کو محفوظ کرکے نئی نسل تک منتقل کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔
علمی و ادبی شخصیات کے آثار محفوظ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے
حوزہ علمیہ آیت اللہ خامنہ ای کے بانی مولانا سید شمع محمد رضوی نے اس سلسلے کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً اٹھارہ سال قبل قرآن و عترت فاؤنڈیشن کے علمی مرکز، قم میں یہ تجویز پیش کی گئی تھی کہ ان علمائے کرام کی علمی و دینی خدمات کو قلم بند کیا جائے جو اس دنیا سے رخصت ہوچکے ہیں، لیکن ان کی زندگی اور کارناموں پر خاطر خواہ کام نہیں ہوسکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا دائرہ صرف علمائے کرام تک محدود نہیں تھا، بلکہ اس میں شعراء، اہلِ فن، اہلِ ہنر، مختلف بستیوں کے نیک نام اور فعال افراد نیز اپنی بستیوں کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیات کو بھی شامل کرنے کی تجویز تھی، تاکہ ان کی خدمات تاریخ کا حصہ بن سکیں اور آنے والی نسلیں اپنے اسلاف کے علمی، ادبی، دینی اور سماجی کارناموں سے واقف ہوسکیں۔
مولانا موصوف کے مطابق اسی مقصد کے تحت ’’عندلیبان علم و ادب‘‘ کا سلسلہ شروع کیا گیا، جس کی پہلی اور دوسری پیشکش کے بعد اب تیسری کتاب بھی منظرِ عام پر آئی ہے۔ اس کتاب کی ترتیب و تدوین جناب سید آل ابراہیم رضوی قبلہ نے انجام دی ہے۔ انہوں نے ان کی اس علمی کاوش کو سراہتے ہوئے دعا کی کہ خداوندِ متعال انہیں مزید توفیقات، صحت اور سلامتی عطا فرمائے۔

قریہ قریہ تحقیق اور معلومات جمع کرنے کی ضرورت
اس سلسلے کے طریقۂ کار اور عملی سرگرمیوں کے بارے میں مولانا سید شمع محمد رضوی نے بتایا کہ اس نوعیت کے تحقیقی کام کے لئے قریہ قریہ اور بستی بستی جاکر معلومات جمع کرنا، شخصیات کے حالاتِ زندگی کی تحقیق کرنا اور ان کی خدمات کو مستند انداز میں قلم بند کرنا ضروری ہے۔ اس مقصد کے تحت کئی سال تک کوششیں جاری رہیں، تاہم مختلف وسائل کی کمی کے باعث فی الحال اس کام کو روکنا پڑا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے باوجود یہ ضروری تھا کہ یہ علمی و ادبی سلسلہ منقطع نہ ہو، اسی لئے خداوندِ متعال پر توکل کرتے ہوئے تیسری کتاب بھی پیش کی جارہی ہے۔ گزشتہ بزرگوں کے حالاتِ زندگی اور ان کی خدمات کو محفوظ کرنا آنے والی نسلوں کے لئے نہایت اہم ہے، تاکہ ہر خاندان، قوم اور قبیلے کے افراد اپنے اسلاف کو ان کے صحیح ناموں اور کارناموں کے ساتھ یاد رکھ سکیں اور ان کے لئے دعائے مغفرت کرسکیں۔
ان کے بقول اگر گزشتہ نسلوں میں دینی، علمی اور سماجی میدانوں میں سرگرم شخصیات رہی ہوں تو ان کی زندگی نئی نسل کے لئے ایک عملی نمونہ بن سکتی ہے۔ اس طرح نہ صرف اپنے بزرگوں کی یاد تازہ ہوتی ہے بلکہ معاشرے میں دینی و سماجی خدمات کا جذبہ بھی فروغ پاتا ہے۔
مولانا موصوف نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے کے آگے بڑھنے سے ان اہلِ قلم اور دانشوروں کی تحریریں بھی منظرِ عام پر آرہی ہیں جنہوں نے پہلے ہی بہت کچھ لکھا ہے، جبکہ ان شخصیات کے حالات و خدمات کو قلم بند کرنے کے لئے بزرگ اہلِ علم بھی آگے آرہے ہیں۔
باہمی محبت، اعتماد اور عقیدتی ہم آہنگی علمی کاموں کی بنیاد
مرتبِ کتاب جناب سید آل ابراہیم رضوی کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے مولانا سید شمع محمد رضوی نے کہا کہ ہمارے درمیان باہمی احترام اور محبت کا مضبوط رشتہ قائم ہے۔ خاندانی اور رشتہ داری کے تعلقات کے ساتھ عقیدتی ہم آہنگی بھی اس رشتے کو مزید مستحکم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ باہمی اعتماد، محبت اور فکری ہم آہنگی کی بدولت بہت سی رکاوٹیں خود بخود دور ہوجاتی ہیں اور علمی و دینی کاموں کو آگے بڑھانے میں آسانی رہتی ہے۔ ایسے تعلقات معاشرے میں اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کے ساتھ علمی سرگرمیوں کے تسلسل میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اپنی تصنیفات کے بجائے دوسروں کے علمی آثار کی اشاعت کو ترجیح
اپنی زندگی کی علمی، سماجی اور دینی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے مولانا سید شمع محمد رضوی نے کہا کہ ان کی پوری زندگی لوگوں کے علمی و ادبی آثار کو منظرِ عام پر لانے، ان کی سماجی و اقتصادی مشکلات دور کرنے، معاشرے میں امن و امان قائم کرنے اور ہر جگہ دینی اقدار کے فروغ کی کوششوں میں گزری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر زمانے میں لوگوں کی یہ خواہش رہی ہے کہ ان کی معمولی سی علمی و ادبی کاوش بھی کتابی شکل میں محفوظ ہوجائے۔ یہ خواہش خود ان کے دل میں بھی رہی، لیکن جب کبھی اپنی ذاتی تصنیف کو منظرِ عام پر لانے کی کوشش کی تو اسی دوران دوسرے اہم علمی ذخائر اور ضروری کام سامنے آجاتے تھے۔ چنانچہ اپنی تصنیف کو مؤخر کرکے دوسروں کے علمی آثار کو منظرِ عام پر لانے کے لئے کوششیں جاری رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ان کی متعدد کتابوں کے مسودے اب تک گھر کی زینت بنے ہوئے ہیں، تاہم امید ہے کہ خداوندِ متعال کی توفیق سے وہ علمی سرمایہ بھی ایک دن منظرِ عام پر آجائے گا۔
بھیک پور، سیوان؛ علومِ آلِ محمدؑ اور ادب و شاعری کا قدیم مرکز
بہار کی سرزمین پر واقع بھیک پور، سیوان علمی، دینی اور ادبی اعتبار سے ایک ممتاز مقام رکھتا ہے۔ یہ علاقہ علومِ آلِ محمدؑ کے محصلین اور اہلِ علم کی قدیم آماج گاہ رہا ہے۔ محققین اور اہلِ نظر کے مطابق صوبۂ بہار میں پہلی مرتبہ نمازِ جمعہ کے قیام کا اعزاز بھی اسی سرزمین کو حاصل ہے۔
یہاں فقہائے اہلِ بیتؑ، مصنفین اور مؤلفین کے ساتھ ساتھ شعرائے اہلِ بیتؑ کی بھی ایک بڑی تعداد رہی ہے۔ اس علاقے کے شعرائے کرام کے کلام میں اصلاحی اور اخلاقی پہلو نمایاں نظر آتے ہیں۔ ان کے اشعار میں فکری پختگی، معنوی گہرائی اور فنی سلیقہ پایا جاتا ہے۔
اہلِ بیتؑ کی مدح و ثنا میں کہی جانے والی شاعری محض اظہارِ عقیدت نہیں، بلکہ ہدایت، سعادت اور نیک نامی کا ذریعہ بھی بنتی ہے۔ یہاں کے شعراء اپنے کلام کی اصلاح اور شعری محاسن کی تکمیل پر خصوصی توجہ دیتے تھے۔ وہ اشعار کے وزن، الفاظ کے انتخاب اور مفاہیم کی درستگی کے لئے مسلسل محنت کرتے تھے۔
اس ضمن میں ایک شاعر کی مثال بیان کی گئی ہے کہ وہ اپنے قصیدے کے ہر شعر پر اس وقت تک غور کرتا رہتا تھا جب تک اس کی فنی خامیاں دور نہ ہوجائیں۔ اس عمل کو نیزہ بنانے والے کاریگر کی محنت سے تشبیہ دی گئی ہے، جو نیزے کی کجی دور کرنے کے لئے اسے بار بار تراشتا اور درست کرتا ہے، کیونکہ اگر نیزہ ٹیڑھا ہو تو ماہر سے ماہر نیزہ باز بھی اسے نشانے پر درست طور پر نہیں پہنچا سکتا۔
اس مثال سے تین اہم نکات سامنے آتے ہیں: پہلا یہ کہ ایک اچھے شاعر کو اپنے کلام کی تخلیق اور اصلاح کے لئے کتنی محنت کرنا پڑتی ہے؛ دوسرا یہ کہ شعر پڑھنے اور سننے والوں کو شاعر کی اس محنت کا احساس ہونا چاہیے؛ اور تیسرا یہ کہ اہلِ نقد و نظر کو شاعر کے کلام پر رائے دیتے وقت اس کی فنی محنت کو بھی پیشِ نظر رکھنا چاہیے اور محض تنقید کے بجائے اصلاحی اور ہمدردانہ رویہ اختیار کرنا چاہیے۔
کتاب میں رومی شاعر ورجل (Virgil) کی مثال بھی پیش کی گئی ہے کہ وہ صبح ایک شعر کہنے کے بعد پورا دن اس کی نوک پلک سنوارنے میں صرف کرتا تھا۔ اس کا نظریہ تھا کہ جس طرح ریچھنی اپنے بچوں کو بار بار چاٹ کر انہیں خوب صورت بناتی ہے، اسی طرح شاعر بھی اپنے اشعار میں مسلسل رد و بدل اور اصلاح کرکے انہیں نکھارتا ہے۔ اس مثال سے واضح ہوتا ہے کہ کسی مصرعے یا شعر کو پہلی ہی کوشش میں حرفِ آخر نہیں سمجھنا چاہیے، بلکہ اس پر غور و فکر اور اصلاح کا عمل جاری رکھنا چاہیے۔
بھیک پور مجلس و ماتم کی سرگرمیوں کا بھی ایک اہم مرکز رہا ہے، جس کے اثرات اطراف کی متعدد بستیوں تک پہنچے ہیں۔

مرحوم سید محمد ابراہیم رضوی؛ خودداری، اخلاص اور علمی وراثت
کتاب میں مرحوم سید محمد ابراہیم رضوی کی شخصیت اور ان کے حالاتِ زندگی کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ ان کی زندگی کے تمام پہلوؤں سے مکمل واقفیت نہ ہونے کے باوجود دستیاب معلومات سے ان کی ایک خوددار، باوقار، مخلص اور اعلیٰ کردار کی حامل شخصیت سامنے آتی ہے۔ وہ اپنے اسلاف کی قائم کردہ روایات کے پابند اور ان کی علمی و دینی میراث کو اہمیت دینے والے انسان تھے۔
ان کی تحریری صلاحیتوں اور علمی ذوق کے بارے میں مزید تفصیلات اس وقت سامنے آسکتی تھیں جب ان کی اپنی تحریریں یا تصانیف دستیاب ہوتیں، تاہم ان کے فرزندِ ارجمند نے محدود وسائل کے باوجود جو علمی و ادبی خدمات انجام دی ہیں، وہ یقیناً قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے دس جلدوں پر مشتمل عظیم علمی مجموعہ ’’ذکر الثقلین‘‘، تفسیر ’’معارف القرآن‘‘ کی متعدد جلدوں اور مختلف موضوعات پر کئی دیگر کتابیں تصنیف کرکے ایک قابلِ قدر علمی سرمایہ فراہم کیا ہے۔ یہ تصنیفی خدمات نہ صرف ان کی علمی محنت اور دینی جذبے کی عکاس ہیں بلکہ ان کے والدِ مرحوم کے لئے بھی ذخیرۂ آخرت کا ذریعہ بننے کی امید ہے۔
علمی ورثے کو نئی نسل تک منتقل کرنے کی کوشش
کتاب ’’عندلیبان علم و ادب، سلسلہ (۳)‘‘ کی اشاعت درحقیقت ان بزرگوں، اہلِ قلم، شعراء اور علمی و دینی شخصیات کی خدمات کو محفوظ کرنے کی ایک قابلِ قدر کوشش ہے، جن کی زندگی اور کارنامے نئی نسل کے لئے مشعلِ راہ بن سکتے ہیں۔
اس سلسلے کی اہمیت صرف ماضی کی شخصیات کا تعارف پیش کرنا نہیں، بلکہ ان کی علمی، ادبی، دینی اور سماجی خدمات کو تاریخ کا حصہ بنانا بھی ہے، تاکہ آنے والی نسلیں اپنے اسلاف کی محنت، جدوجہد اور علمی ورثے سے واقف ہوکر اسی جذبے کے ساتھ معاشرے کی خدمت کرسکیں۔










آپ کا تبصرہ